منگل 10 نومبر 2026 - 18:32
نجف اشرف میں ’’مدافع امامت اور ہماری ذمہ داری‘‘ کے عنوان سے عظیم الشان علمی و فکری پروگرام، طلاب کرام کی بھرپور شرکت

حوزہ / دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان نجف اشرف کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان و سرپرست اعلیٰ زہراء اکیڈمی حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کے اعزاز میں ’’مدافع امامت اور ہماری ذمہ داری‘‘ کے عنوان سے عظیم الشان علمی، فکری و تربیتی محاضرہ منعقد ہوا، جس میں نجف اشرف میں زیر تعلیم 650 سے زائد طلاب کرام، علماء اور شخصیات نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علمی و فکری نشست کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت حجۃ الاسلام شیخ حافظ آکاش نجفی نے حاصل کی، جبکہ نظامت کے فرائض الشیخ محسن رضا نجفی نے انجام دیے۔ اس موقع پر حجۃ الاسلام شیخ نذر حسین نجفی نے منقبت، سوز و سلام پیش کیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ ذاکر حسین مدبری نے اپنے خطاب میں علمی و فکری موضوعات پر اظہار خیال کیا اور شرکاء کو بصیرت افروز گفتگو سے مستفید کیا۔ دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان نجف اشرف کی جانب سے ان کی تشریف آوری اور قیمتی گفتگو پر اظہار تشکر کیا گیا۔

بعد ازاں پروگرام کے خصوصی مقرر، مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان و سرپرست اعلیٰ زہراء اکیڈمی حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے ’’مدافع امامت اور ہماری ذمہ داری‘‘ کے موضوع پر جامع اور مدلل خطاب کیا۔

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے دفاعِ امامت کی اہمیت، عصر حاضر میں دینی و مذہبی ذمہ داریوں اور ملت کی فکری و عملی رہنمائی کے تقاضوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

نجف اشرف میں ’’مدافع امامت اور ہماری ذمہ داری‘‘ کے عنوان سے عظیم الشان علمی و فکری پروگرام، طلاب کرام کی بھرپور شرکت

انہوں نے اپنی دینی، ملی اور تنظیمی خدمات کے مختلف پہلوؤں کا تذکرہ کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی طویل المدت دینی، ملی، فکری اور قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ملت کی رہنمائی، قیادت اور مسلسل جدوجہد میں ان کے کردار کو اجاگر کیا۔

خطیب محترم نے زہراء اکیڈمی کی علمی، دینی، تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا: ان خدمات کا بنیادی مقصد دینی تعلیمات کا فروغ، نئی نسل کی علمی و فکری تربیت اور معاشرے میں مثبت دینی کردار کی تشکیل ہے۔

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے طلاب کرام سے خصوصی شفقت اور محبت کے ساتھ خطاب کرتے ہوئے انہیں پاکستان واپسی پر دینی، علمی، فکری اور ملی میدانوں میں مؤثر کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا: ’’آئیں! پاکستان کو محفوظ پاکستان بنائیں۔ پاکستان میں اس وقت آپ کی دینی و علمی خدمات کی بہت ضرورت ہے۔ ہم آپ کے ساتھ ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘‘

انہوں نے طلاب کرام کو متوجہ کیا کہ حوزہ علمیہ نجف اشرف سے حاصل ہونے والی علمی و دینی تربیت کو صرف اپنی ذات تک محدود نہ رکھیں، بلکہ اسے ملت، وطن اور معاشرے کی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ علم و عمل، اتحاد، بصیرت اور خدمتِ دین کے جذبے کے ساتھ مستقبل کی ذمہ داریوں کو قبول کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

نجف اشرف میں ’’مدافع امامت اور ہماری ذمہ داری‘‘ کے عنوان سے عظیم الشان علمی و فکری پروگرام، طلاب کرام کی بھرپور شرکت

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اس امر پر بھی زور دیا کہ دینی مدارس سے فارغ التحصیل علماء معاشرے کی فکری و دینی رہنمائی، مذہبی شعور کی بیداری اور ملی وحدت کے فروغ میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے طلاب کرام کو پاکستان کے دینی و علمی ماحول میں فعال کردار ادا کرنے اور ملت کی ضروریات کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھنے کی ترغیب دی۔

ان کا خطاب علمی و فکری رہنمائی کے ساتھ طلاب کرام کے لیے محبت، شفقت، حوصلہ افزائی اور عملی جدوجہد کا پیغام بھی لیے ہوئے تھا، جس سے شرکاء کو اپنی دینی و ملی ذمہ داریوں کا ازسرنو احساس ہوا۔

واضح رہے کہ اس علمی و فکری محاضرہ میں 650 سے زائد طلاب کرام کی شرکت نجف اشرف میں زیر تعلیم پاکستانی طلاب کی اپنے وطن، ملت اور دینی و ملی قیادت سے وابستگی کی عکاس تھی۔ اس اجتماع کا بنیادی مقصد دفاعِ امامت کا شعور اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ حوزہ علمیہ نجف اشرف میں زیر تعلیم طلاب کی علمی و دینی صلاحیتوں کو پاکستان میں ملت کی خدمت کے لیے بروئے کار لانے کی ترغیب دینا تھا۔

پروگرام کے اختتام پر نمائندہ قائد و مدیر دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان نجف اشرف حجۃ الاسلام شیخ مجیر محمد میثمی نے اپنی اور دفتر کے اراکین کی جانب سے تمام معزز مہمانوں، علمائے کرام، اساتذہ اور بالخصوص شرکت کرنے والے طلاب کرام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر شبیر حسن میثمی، حجۃ الاسلام شیخ ذاکر حسین مدبری اور خادمِ عتبہ عباسیہ حجۃ الاسلام شیخ ڈاکٹر کرم علی حیدری کی تشریف آوری اور اس علمی و فکری نشست کو رونق بخشنے پر اظہار تشکر کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha